Home / حکومت کادھرنےوالوں سےمذاکرات نہ کرنےکااعلان

حکومت کادھرنےوالوں سےمذاکرات نہ کرنےکااعلان

No talks with PTI protestors, Govt

ویب ڈیسک ۔۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ حکومت دھرنے والوں سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گی۔ وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس بات کا واضح طور پر اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دھرنا دینے والوں سے بات چیت کا کوئی سوال نہیں پیدا ہوتا۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں جتنا بھی مالی یا جانی نقصان ہوا، اس کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والے پرامن احتجاج کے لئے نہیں آئے تھے، بلکہ ان کی کوشش یہ تھی کہ کسی طرح لاشیں گرا کر ہنگامہ آرائی کی جائے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ان کے اقدامات کی ذمہ دار ایک عورت ہے، جنہوں نے رینجرز کے شہید جوانوں کے حوالے سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ "یہ لوگوں کو اس حد تک اشتعال دلاتے ہیں کہ ایک موقع پر کہا گیا کہ رینجرز کے جوان اپنی گاڑی کے نیچے آئیں”، محسن نقوی نے اس بیان کی سختی سے مذمت کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے اس مرتبہ اسلام آباد میں کسی قسم کی کھدائی یا راستے بلاک کرنے کی کوشش نہیں کی، اور نہ ہی اس بار کسی قسم کی اضافی افرا تفری کی اجازت دی۔ "یہ لوگ غلیلیں لے کر آئے ہیں، لیکن اس کے باوجود اسلام آباد میں امن قائم رکھا گیا ہے”، وزیر داخلہ نے کہا۔

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بھی اس موقع پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ دھرنے والوں کی جانب سے غلیلوں کا استعمال اور بے جا تشدد کی کوششیں ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوات سے گرفتار ایک شخص نے خود کو مزدور بتایا، جب کہ ایک اور گرفتار شخص نے کہا کہ وہ افغانستان سے آیا ہے۔ "یہ لوگ خون بہانے آئے ہیں، یہ لاشیں لینے آئے ہیں”، عطاء تارڑ نے کہا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما اپنے ہمنوا افغان شہریوں کو پارٹی کی ممبرشپ دے کر انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن حکومت اس صورتحال کا سختی سے مقابلہ کرے گی۔ "ہم کسی کو اسلام آباد میں امن و امان تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے”، انہوں نے کہا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی صورت میں لاشیں نہیں گرانے دے گی اور دھرنے والوں سے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ریاست کمزور ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔

یہ بھی چیک کریں

Firdaus Jamal separation from wife

بیوی اورخاندان والوں کوکیوں چھوڑا؟ فردوس جمال

ویب ڈیسک ۔۔ لیجنڈپاکستانی اداکارفردوس جمال نےاہلیہ اوربچوں سےاختلافات کی خبروں پربات کرتےہوئےکہاکہ ان کےاپنےگھروالوں …