ویب ڈیسک ۔۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں گزشتہ روز آئی پی ایل 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی دو روزہ تقریب کا آغاز ہوا، جہاں فرنچائزز نے اپنی ٹیموں میں بہترین کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے کروڑوں روپے کی بولیاں لگائیں۔
اتوار کو سب سے پہلے پنجاب کنگز نے بھارتی کرکٹر شریاس ائیر کو 26 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا، جس کے بعد شریاس ائیر آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔ تاہم، یہ ریکارڈ چند لمحوں بعد ٹوٹ گیا جب لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت پر آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے پنت کو 27 کروڑ بھارتی روپے میں خرید لیا، اور یوں پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے پاس تھا، جنہیں گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔
آئی پی ایل 2025 کے تیسرے مہنگے ترین کھلاڑی بھارتی کرکٹر ونکٹیش ائیر رہے، جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 23 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ اس کے علاوہ بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ اور اسپنر یوزویندر چہل کو 18، 18 کروڑ بھارتی روپے میں پنجاب کنگز نے خریدا۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل 2025 اس ٹورنامنٹ کا 18 واں ایڈیشن ہوگا، جو اگلے سال مارچ سے مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔