Monday, 29 June 2026 | Web Desk
قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں کواب میچ فیس کی مدمیں پہلےسےزیادہ پیسےملیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈنےفیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس میں مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اس فیصلےکی بھی منظوری کی گئی کہ پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خودمختارادارہ بنایاجائےگا۔ اس کےعلاوہ پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری ایجنڈےکاحصہ تھی ۔ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کابجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر4 ارب روپے کرنےکی منظوری بھی دی گئی۔
کس کھلاڑی کو کتنی میچ فیس ملے گی؟
ذرائع کےمطابق، ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والوں کی میچ فیس 15 لاکھ روپے ہو گی جبکہ ون ڈے والوں کو ساڑھے 6 لاکھ میچ فیس ملےگی اورٹی20 والوں کو ساڑھے 4 لاکھ فی میچ ملیں گے۔
ذرائع کے مطابق اے اور بی کیٹیگری میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی شامل ہوں گے، اے کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑی کو 15 لاکھ روپے میچ فیس ملے گی جبکہ اے کیٹیگری میں شامل ون ڈے کھیلنے والے کھلاڑی کو ساڑھے 7 لاکھ روپے فی میچ ملیں گے۔ اسی طرح اے کیٹیگری میں شامل ٹی 20 کھیلنے والوں کو ساڑھے6 لاکھ روپے میچ فیس ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےبی کیٹیگری شامل ون ڈے کھیلنے والے کھلاڑی کو ساڑھے 7 لاکھ روپے اورٹی 20 کھیلنے والے کو5لاکھ روپے ملیں گے۔ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی صرف ٹی 20 کھیل سکیں گے جن کی میچ فیس 5 لاکھ روپے ہوگی، اگر سی کیٹیگیر میں شامل کوئی کھلاڑی ون ڈے کھیلے گا تو بھی اسے5 لاکھ روپے میچ فیس ہی ملیں گی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرزنے قائداعظم ٹرافی کےکھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو پلیئرزکی میچ فیس 15 ہزارروپےسےبڑھاکر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
بورڈ آف گورنرز نے ویمنز ون ڈے اور ٹی 20ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس نے12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنےاور نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر انفرا اسٹرکچرکی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70کروڑ روپےکی منظوری دی۔ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جدید مشینیں لگانے کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔