ویب ڈیسک ۔۔ توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان پرآج بھی فردِ جرم عائد نہ کی جاسکی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کےدوران ایڈیشنل سیشن جج نےعمران خان کی آج طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سےپی ٹی آئی کے وکلاکو تصدیق شدہ کاپیاں فراہم کرنے کے بعد فردِ جرم کی اگلی تاریخ مقرر کی جائےگی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلاء کو تصدیق شدہ کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
سماعت کااحوال
دورران سماعت جج نے ریمارکس میں کہا کہ ایسےہی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر ہوتی رہی تو فردِ جرم کیسے عائد ہو گی؟جس پرعمران خان کےوکیل علی بخاری نے اعتراض کیا کہ ہمیں مصدقہ کاپیاں فراہم نہیں کی گئیں، واٹس ایپ کے اسکرین شارٹس لگا کر کاپیاں نہیں دی جاتیں۔
عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ 15 فروری کو عمران خان کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں پیشی ہے، اس کے بعد کی تاریخ دے دیں۔
جج نے سوال کیا کہ کیا عمران خان نے 15 فروری کو جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں آنا ہے؟
مجھے ایک تاریخ بتا دیں کہ عمران خان کب عدالت آئیں گے؟
عمران خان کے وکیل علی بخاری نے جواب دیا کہ عمران خان کی صحت نے اجازت دی تو آئیں گے۔