مانیٹرنگ ڈیسک ۔۔ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کاروں عاصمہ شیرازی اورمنیب فاروق نے کہاکہ تحریک انصاف گڈ کوپ بیڈ کوپ والی پالیسی اختیارکرچکی ہے، عمران خان نے آنکھیں دکھاکر، پیرپکڑ کراورمنت کرکے دیکھ لیا کچھ نہیں ہوا تو بہت جارحانہ ہوگئے،تحریک انصاف وفاقی حکومت اوراداروں پردباوبڑھانےکی کوشش کررہی ہے۔
، سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف گڈ کوپ بیڈ کوپ والی پالیسی اختیار کرچکی ہے، صدر عارف علوی کے ذریعہ بات چیت کا دروازہ کھولا گیا، عمران خان زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھا کر بارگیننگ پوزیشن میں آنا چاہتے ہیں، عمران خان کا دباؤ اب نئے آرمی چیف کیلئے نہیں ہے، عمران خان دباؤ بڑھا کر نئے انتخابات یا پارلیمنٹ میں واپسی کا راستہ چاہتے ہیں، حکومت کی بھی شاید یہی خواہش ہے کہ عمران خان کو انگیج کر کے واپس پارلیمنٹ میں لایا جائے۔
پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کیلئے ایک ادارے کو کھل کر ٹارگٹ کررہے ہیں دوسرے ادارے سے ریلیف چاہتے ہیں، یہ ادارے اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ ہیں، پہلے عمران خان نے عدلیہ کو دھمکیاں دیں لیکن اب انہیں اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے ریلیف چاہئے۔