ویب ڈیسک ۔۔ پاکستان کی سول اورعسکری قیادت دہشت گردی کےخلاف یکجان ۔ وزیراعظم اورآرمی چیف نے اس عزم کاکھل کراظہارکیاکہ پاکستان دشمن قوتوں سےکوئی بات نہیں ہوگی ۔ ایسےملک دشمن عناصرکوسختی سےکچل دیاجائےگا۔
کوئٹہ میں وزیراعظم شہبازشریف نےصوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی ، وزیرداخلہ محسن نقوی ،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال اوروزیراطلاعات عطاتارڑسمیت اعلیٰ سول اورعسکری حکام نےشرکت کی۔
اجلاس کےشرکاسےخطاب کرتےہوئےوزیراعظم نےکہاکہ بلوچستان میں 26اگست کوہونےوالےدہشت گردی پرقوم غمزدہ ہے،معصوم انسانوں کاخون بہانےوالےدہشت گردوں سےکوئی رعایت نہیں برتی جائےگی،شہداکالہورائیگاں نہیں جائےگا۔
وزیراعظم کاکہناتھاکہ بلوچستان میں گھس بیٹھیوں نےسازش کی،دشمن قوتوں کوبلوچستان کےامن اورترقی کو متاثر کرنےکی اجازت نہیں دی جائےگی اورانہیں بھرپورقوت اورقومی حمایت سےکچل دیاجائےگا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کے لیے ہرممکن اقدام اٹھایاجائے گا۔ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف صوبے میں جاری کوششوں کو تیزکرنے اوردہشت گردحملوں کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پرسیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی اوربہادری کو بھی سراہاگیاجس سےمزیدمعصوم جانوں کے ضیاع کوروکاگیا۔
وزیراعظم اورآرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں کو بلوچستان کے امن اور ترقی کو متاثر کرنے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی۔ کمیٹی نےفیصلہ کیا کہ دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، سہولت کاروں اور مرتکب افراد کوکیفرکردارتک پہنچایاجائےگااور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنانےکیلئےکوئی کسرنہیں چھوڑی جائےگی۔ وزیراعظم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کیے اورانہیں ریاست کی جانب سےمکمل تعاون اورتحفظ کا یقین دلایا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے قیام امن کیلیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،ملک دشمنوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی، پاکستان کے جھنڈے اور آئین کو سلام کرنےو الوں سے مذاکرات ضروری ہیں۔
سول افسران کیلئےخصوصی مراعات کااعلان
وزیراعظم نے بلوچستان میں قابل اورہونہار افسران کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہاامن و امان کی وجہ سے کچھ افسران بلوچستان آنے سے کتراتے ہیں مگر اب افسران کی تعیناتی سے متعلق پالیسی بنائی ہے، 48 کامن ٹریننگ پروگرام والے افسران کی بلوچستان میں ایک سال کیلیے تعیناتی کی جائے گی،49 کامن ٹریننگ کے باقی افسران کی ایک سال بعد ڈیڑھ سال کیلیے تعیناتی کی جائے گی۔ بلوچستان میں تعینات ہونے والے افسران کو خصوصی مراعات دی جائیں گی، انہیں ہر تین ماہ پراہل خانہ کیلیے چار ایئرٹکٹ دیے جائیں گے، پرفارمنس رپورٹ اور کارکردگی پر 3 اضافی پوائنٹس دیے جائیں گے۔
اجلاس میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،پولیس، لیویز اور دیگر متعلقہ محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔