ویب ڈیسک ۔۔ رہنماتحریک انصاف رؤف حسن نے کہا ہےبشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور خود واضح کریں گے26 نومبر کو اسلام آباد میں کیا واقعات پیش آئے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے رؤف حسن نے اس واقعے کو ایک سنجیدہ معاملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ اس وقت وہاں کیوں موجود تھے اور بعد میں کیوں روانہ ہوئے۔
بشریٰ بی بی کو دھرنے کے مقام سے زبردستی لے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی کو زبردستی لے جانا آسان نہیں، خاص طور پر ایسی صورت حال میں جب وہاں گولیاں چل رہی تھیں۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی اور علی امین کی گاڑی کو بھی گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں وہاں سے نکالنا بہتر فیصلہ تھا۔
تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی کے حوالے سے رؤف حسن نے کہا کہ پارٹی پر پابندی لگانا آسان نہیں، مگر موجودہ حالات میں بہت سی غیر متوقع چیزیں ہو رہی ہیں۔ اگر ایسی کوئی صورت حال پیدا ہوئی تو قانونی راستہ اپنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس وقت اپنی کارکردگی کا جائزہ لے رہی ہے اور ان غلطیوں پر غور کر رہی ہے جو ماضی میں ہوئیں۔ پارٹی کو آگے بڑھانے کے لیے نئی قیادت پر بھی سوچ بچار جاری ہے۔