مانیٹرنگ ڈیسک ۔۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کےبعدریاست پاکستان کی حساس املاک پرشرپسندوں کےحملوں کےخلاف پاک فوج کی جانب سےسخت ردعمل سامنےآیاہے۔
ترجمان پاک فوج کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف کوعدالت سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا تاہم گرفتاری کے فوراً بعد منظم طریقے سے آرمی املاک اور تنصیبات پرحملے کرائے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی کی املاک اور تنصیبات پر منظم طریقے سے حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔
ترجمان پاک فوج نےکہاایک طرف تو یہ شر پسند عناصر عوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئےابھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکتےہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتےرہےجودوغلے پن کی مثال ہے۔
آئی ایس پی آرنےاپنےبیان میں مزید کہاکہ جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلاسیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا۔ تاہم فوج نے انتہائی تحمل اوربردباری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں درگزراور برداشت سے کام لیا۔ مذموم منصوبہ بندی کے تحت پیدا کی گئی صورتحال سے یہ گھناونی کوشش کی گئی کے آرمی اپنا فوری ردِ عمل دےتاکہ اسےاپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیئے استعمال کیا جا سکے تاہم آرمی کے میچوررسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کےبیان میں کہا گیا ہےکہ ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے پارٹی کی کچھ شرپسند لیڈرشپ کےاحکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اورہے۔ جو سہولت کار ،منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی اوریہ تمام شر پسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔
آئی ایس پی آرکاکہناتھاکہ 9مئی کےواقعات کوملکی تاریخ میں سیاہ باب کےطورپریادرکھاجائےگا۔