Home / حمزہ شہبازکاالیکشن کالعدم،دوبارہ گنتی کاحکم

حمزہ شہبازکاالیکشن کالعدم،دوبارہ گنتی کاحکم

Hamza Shehbaz election null and void

ویب ڈیسک ۔۔ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے کل ایوان میں دوبارہ ری کاونٹ یعنی دوبارہ ووٹنگ کا حکم دے دیا۔ واضح رہےکہ اس ووٹنگ میں تحریک انصاف کےمنحرف ارکان شامل نہیں ہونگے۔

لاہورہائیکورٹ نےتحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کی جانب سے حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف دائردرخواستوں پرفیصلہ سناتےہوئےرن آف الیکشن کاحکم دیا۔

جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ نےچارایک کی نسبت سےفیصلہ سنایا۔ جسٹس ساجدمحمودسیٹھی نےاختلافی نوٹ لکھااورعثمان بزدارکی بحالی کافیصلہ دیا۔

عدالتی فیصلہ 8 صفحات پر مشتمل ہے جس میں عدالت نے حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کا نوٹی فکیشن بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آج سے حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ کے فیصلے غیر موثر ہوں گے، وہ وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہے اور ان کی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب یکم جولائی شام 4 بجے اجلاس بلائیں جس میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے، تمام ادارے عدالتی احکامات کی پاس داری کرائیں، وزیر اعلی کے انتخاب کا عمل مکمل کیے بغیر کل کا اجلاس ملتوی نہیں ہوگا۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ گورنر پنجاب آرٹیکل 130 کی شق پانچ کے تحت اپنے فرائض سر انجام دیں گے، گورنر پنجاب نومنتخب وزیر اعلیٰ سے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے حلف لیں گے، گورنر الیکشن کے کنڈکٹ کے متعلق اپنی رائے نہیں دیں گے، گورنر الیکشن پروسیس سے اگلے روز 11 بجے تک حلف لینے کا پابند ہوگا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ڈی سیٹ کیے گئے 25 ارکان کے ووٹ دوبارہ شمار نہیں کیے جائیں گے۔ عدالت نے کہا ہے کہ وہ پریزائیڈنگ افسر کا کردار ادا نہیں کرسکتی اس لیے ڈی سیٹ ہونے والے پچیس ارکان کے ووٹ نکال کر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی جائے۔

یہ بھی چیک کریں

Faisal Vawda Questions Murad Saeed mysterious disappearance

مرادسعیدکی گمشدگی سے2لوگ جڑےہیں: فیصل واوڈا

ویب ڈیسک ۔۔ تحریک انصاف کےسابق رہنمافیصل واوڈاجن کی شعلہ بیانی سےکبھی پی ٹی آئی …