Monday, 09 March 2026 | Web Desk
مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے نئے سپریم لیڈر نامزد
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر نامزد کر دیا گیا ہے۔ ایران کی مجلس خبرگان نے قوم سے اتحاد برقرار رکھنے اور نئے رہبر سے وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے۔
عمان نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے غیرقانونی قرار دے دیے
عمان کے وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی کارروائی کو غیر اخلاقی اور بین الاقوامی قانون کے خلاف قرار دیا ہے۔ عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں انہوں نے جنگ بندی اور سفارتی حل کی طرف واپسی کی اپیل بھی کی۔
ایران جنگ کی مخالفت پر اسپین کا مؤقف برقرار
اسپین کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت کرنے پر اسپین تنہا نہیں ۔ ان کے مطابق جیسے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے معاملے میں دیگر ممالک بعد میں ساتھ آئے تھے، ویسے ہی اب مزید ممالک ایران جنگ کی مخالفت کر رہے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ نے ایران پر حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا
سوئٹزرلینڈ کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے بین الاقوامی قانون اور طاقت کے استعمال پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے تمام فریقوں سے عام شہریوں کے تحفظ کیلئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
توانائی تنصیبات پر حملے جاری رہے تو سخت جواب دیں گے: پاسدارانِ انقلاب
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے بند نہ کیے تو ایران اسی نوعیت کی جوابی کارروائی کرے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ خطے میں تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔
ایران اب امریکا اور اسرائیل کے معاشی مفادات کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق ایران نے اپنے اہداف کی حکمت عملی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب صرف فوجی اہداف ہی نہیں بلکہ خطے میں امریکا اور اسرائیل کے معاشی مفادات اور اہم اثاثے بھی نشانے پر ہو سکتے ہیں۔
نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں غیر ملکی مداخلت قبول نہیں: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں کسی غیر ملکی مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے تمام ریاستی ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور اگر امریکا جنگ بڑھانا چاہتا ہے تو ایران طویل لڑائی کیلئے تیار ہے۔