ویب ڈیسک: بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان ایک نئے تنازع میں گھر گئے، جہاں بابری مسجد کی جگہ بنائے گئے رام مندر (رام جنم بھومی) کی تشہیری گھڑی پہننے پر علما نے شدید ردعمل دیا اور اسے مسلمانوں کے لیے حرام قرار دے دیا۔
سلمان خان کی گھڑی پر تنازع
دو روز قبل سلمان خان نے اپنی نئی فلم "سکندر” کی تشہیر کے دوران اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں انہوں نے ایپک ایکس رام جنم بھومی ٹائٹینیم ایڈیشن 2 گھڑی پہن رکھی تھی۔
مہنگی اور محدود ایڈیشن گھڑی
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ گھڑی ایک محدود ایڈیشن ہے، جس کے دنیا بھر میں صرف 49 سیٹ دستیاب ہیں، اور ان میں سے ایک سلمان خان کے پاس ہے۔ اس گھڑی کی قیمت 34 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 1.10 کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔
گھڑی میں رام مندر کی عکاسی
سلمان خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ گھڑی انہیں ان کی والدہ سلمیٰ خان نے تحفے میں دی تھی۔ اس گھڑی کے ڈائل پر ایودھیا کے رام مندر کی تفصیلی شبیہہ موجود ہے، جس میں بھگوان رام، ہنومان، دیگر دیوی دیوتاؤں کی تصاویر اور "جے شری رام کی واضح تحریر شامل ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اس گھڑی کے ڈیزائن میں رام جنم بھومی کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت” کو اجاگر کیا گیا ہے۔
علما کا ردعمل: "مسلمانوں کے لیے یہ گھڑی پہننا حرام ہے
آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی نے سلمان خان کی اس حرکت پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ گھڑی رام مندر کی پروموشن کے لیے بنائی گئی ہے، اور کسی بھی مسلمان کے لیے اسے پہننا جائز نہیں۔

مولانا شہاب الدین رضوی کے مطابق، بہت سے لوگوں نے اس معاملے پر ان سے سوالات کیے ہیں۔ انہوں نے سلمان خان کو تنبیہ کی کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں، جن کے لاکھوں مسلمان مداح ہیں، اس لیے انہیں ایسے متنازع اقدامات سے گریز کرنا چاہیے اور توبہ کرنی چاہیے۔
بابری مسجد سے رام مندر تک کا پس منظر
واضح رہے کہ رام جنم بھومی مندر کچھ عرصہ قبل بابری مسجد کی جگہ پر تعمیر کیا گیا۔
- 1528ء میں مغل دور حکومت میں بھارت کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد تعمیر کی گئی تھی۔
- ہندوؤں کا دعویٰ تھا کہ یہ مسجد بھگوان رام کے جائے پیدائش پر بنائی گئی تھی، جہاں پہلے ایک مندر تھا۔
- 1992میں ہندو انتہا پسندوں نے بابری مسجد شہید کر دی، جس پر بھارت میں شدید فسادات پھوٹ پڑے۔
- 2019میں بھارتی سپریم کورٹ نے متنازع فیصلہ سناتے ہوئے مسجد کی زمین ہندوؤں کے حوالے کر دی، جہاں اب رام مندر تعمیر کیا گیا ہے۔
سلمان خان کی خاموشی
سلمان خان نے اس تنازع پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا، لیکن بھارت میں سوشل میڈیا پر اس معاملے پر شدید بحث جاری ہے۔