ویب ڈیسک ۔۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جمعرات کو سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کے لیے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں 99 پیسے فی یونٹ کمی کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ٹیرف میں کٹوتی 1 فروری سے لاگو ہوگی اور 30 اپریل 2022 تک برقرار رہے گی اور ان تین مہینوں میں صارفین کو تقریباً 22 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیاجائےگا۔ یہ ایڈجسٹمنٹ 2020-21 کی چوتھی سہ ماہی (مارچ-جون) کے لیے لاگت پرآنےوالے مختلف تغیرات کی وجہ سےدی جارہی ہے۔
کم ٹیرف کا اطلاق تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا۔ یہ نوٹیفکیشن 11 جنوری کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد سامنے آیا جس میں پاور ڈویژن کی جانب سے سبسڈی کے ایک حصے کو پورا کرنے کے لیے ٹیرف میں کمی کو جذب کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق کابینہ نے کیو ٹی اے میں 99 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی جیسا کہ ریگولیٹر نے طے کیا تھا اور پاور ڈویژن کی جانب سے ماہانہ 300 یونٹس سے کم استعمال کرنے والے صارفین کے نرخ بڑھانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔