ویب ڈیسک ۔۔ مارگلہ نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں سےمتعلق کیس کی سماعت کےدوران چیف جسٹس پاکستان قاضی فائزعیسیٰ کابیوروکریسی پرشدیداظہاربرہمی ۔
چیف جسٹس نےاپنےریمارکس میں کہاہم ریسٹورنٹ ہٹانےچلےتھےلیکن یہاں توہاؤسنگ سوسائٹیاں نکل آئیں۔ کیا نیشنل پارک کی دیکھ بھال کرنا وزارت داخلہ کاکام ہے؟کیاپولیس اوردیگرادارے دہشت گردی ختم کرچکےجواب پارک دیکھیں گے؟ جرنیلوں اوربیوروکریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا ہے، اٹارنی جنرل آپ کو علم ہی نہیں کہ چیزیں کیسے ہو رہی ہیں۔
چیف جسٹس نے مزیدریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے مارگلہ نیشنل پارک قومی اثاثے کے تحفظ کاحکم دیالیکن عدالتی حکم کے بعد چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔عدالتی حکم کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کو وزارت داخلہ کے ماتحت کردیا گیا، وزارت داخلہ کا کام تو امن عامہ کے معاملہ کو دیکھنا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاعدالت کے قومی اثاثے کے تحفظ کے حکم کی سنگین خلاف ورزی کی گئی، حکومتی اقدامات سے عدالتی فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، نجی ہوٹل کے مالک سیکرٹری کابینہ کے کیا لگتے ہیں؟ کیا سیکرٹری کابینہ نجی ہوٹل مالک کے بھائی نہیں؟
دوران سماعت سیکرٹری کابینہ کامران افضل کی جانب سے وزیراعظم کو صاحب کہنے پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ غلامی کی زنجیریں توڑ دیں، وزیراعظم صاحب نہیں ہوتا،شہبازشریف صاحب کہیں توسمجھ آتی ہے، وزیراعظم کے ساتھ ’صاحب‘مت لگائیں۔
بیوروکریٹس عوام کے نوکر ہیں، ہم نے ابھی تک غلامی والی سوچ ختم نہیں کی، سیکرٹری کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس کر دیتے ہیں، آئین پاکستان کو مذاق بنا دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ رعنا سعید کی برطرفی روکتے ہوئے وائلڈ لائف بورڈ کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے نوٹیفکیشن پرعملدرآمد بھی روک دیاہے۔