ویب ڈیسک ۔۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل 2023ء پیش کردیا۔لگژری اشیا پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کرکے 25فی صد کرنے کی تجویزکی گئی ہے۔ جبکہ اس کےعلاوہ مختلف اشیا پر جی ایس ٹی کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فی صدکرنےکی تجویزہے۔
بل میں مشروبات کی پرچون قیمت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح 10 فیصد تجویز کی گئی ہے جب کہ مختلف اشیا پر جی ایس ٹی کی شرح 17 سے بڑھا کر18 فیصد کر دی گئی ہے۔
موبائل فونز، ائرٹکٹ، مشروبات پر اضافی ٹیکس کی تجویز
فنانس سپلیمنٹری بل میں شادی ہالز اور ہوٹلز پر ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کے علاوہ کمرشل لانز، مارکی اور کلبز پر بھی ایڈوانس ٹیکس عائدکیاجارہاہے۔ اس کےعلاوہ موبائل فونز پر بھی ٹیکس میں اضافے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ فضائی ٹکٹس پر بھی ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کے ساتھ مشروبات کی ری ٹیل پرائس پر بھی 10 فیصد ٹیکس عائدکیاجاناہے۔
ضمنی مالیاتی بل میں سیمنٹ پر 50 پیسے فی کلو ٹیکس میں اضافہ کیاگیاہے۔ سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ روپے سے بڑھا کر2 روپے کلو کرنے کی تجویزہے۔ بل میں سیکشن 236 سی بی کے تحت 10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنےکیلئےتجویزبھی شامل ہے۔
شادی بیاہ کی تقاریب، سیمیناراورپارٹیزپربھی ایڈوانس ٹیکس عائد
وزیرخزانہ نےقومی اسمبلی میں بل پیش کرتےہوئے کہا کہ لگژری اشیا پر25 فی صد ٹیکس ہوگا۔ فنانس بل میں شادی بیاہ کی تقریبات،سیمینارز،ورکشاپس،نمائشوں،میوزکل شوزودیگرپارٹیزپر10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی تجویزشامل ہے۔ فنانس بل میں 500 ڈالر سے مہنگے موبائل فونز پر جی ایس ٹی کی شرح 17 سے بڑھا کر 25 فیصد مقررکرنے کی تجویز شامل ہے۔
ضمنی فنانس بل کے مطابق بین الاقوامی سفر کے لیے ائر ٹکٹ پر 50 ہزار روپے فی ٹکٹ اور مجموعی رقم کا 20 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز ہے۔ دونوں میں سے جو رقم زیادہ ہوگی وہ وصول کی جائے گی۔ فروٹ،جوسز و دیگر مشروبات پر 10 فیصد ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز کے ساتھ کمپنی کے شیئرز رکھنے پر مارکیٹ ویلیو پر 10 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی فنانس بل میں شامل ہے۔
اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ کسانوں کے لیے 2 ہزار ارب روپے کا پیکیج دے چکےہیں ۔ ایک ہزار ارب روپے تک تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ یوتھ لون کے لیے 30 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ کسانوں کو زرعی آلات پر سستے قرضے دیے جائیں گے۔ کسانوں کو کھاد پر 30 ارب روپے دیے جارہے ہیں۔5 سال پرانے ٹریکٹر پر رعایت دی جارہی ہے ۔ کسانوں کو 75ہزار سولر ٹیوب ویل دیے جائیں گے۔