Home / نومئی کےذمہ داروں کوکٹہرےمیں لایاجائےگا:عسکری قیادت

نومئی کےذمہ داروں کوکٹہرےمیں لایاجائےگا:عسکری قیادت

Army Chief Gen Asim Munir

ویب ڈیسک ۔۔ کورکمانڈرزکانفرنس میں قوم میں تقسیم کی سازش کرنےوالےعناصرکی کوششوں کی مذمت ۔۔ ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سےکہاگیاکہ الیکشن 2024 میں مسلح افواج نےتفویض کئےگئےمینڈیٹ کے مطابق عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیالیکن کچھ عناصر کی جانب سےبےبنیادالزام تراشی کی جارہی ہے۔

کورکمانڈرزکانفرنس کےاعلامیےکےمطابق عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مینڈیٹ کے مطابق تمام ترمشکلات کےباوجودعوام کومحفوظ ماحول مُہیاکیا،اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

عسکری قیادت کےاعلیٰ ترین فورم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اورمیڈیا کے کچھ  پروگراموں کےذریعےسےمداخلت کے غیرمصدقہ الزامات لگا کرمسلح افواج کو بدنام کرنےکی کوشش کر رہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

شرکا نے کہاگڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اورعوامی فلاح وبہبود جیسے حقیقی مسائل پرتوجہ مرکوزکرنےکی بجائے،ایسےمفاد پرست عناصر اپنی ناکامیوں کوپس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام اورغیریقینی صورتحال پیدا کرناچاہتےہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس نےاس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

فورم نے کہا کہ دشمن قوتوں کےاشارے پرکام کرنیوالے دہشتگردوں، سہولتکاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنےوالوں سےریاست پوری طاقت سے نمٹےگی ، پاکستان کے غیور عوام متحد رہیں اور مثبت رویہ اپنائیں، پاکستان کے عوام پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں اور پاک فوج ملک میں استحکام، خوشحالی اور سکیورٹی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نےامیدظاہرکی کہ انتخابات کے بعدکا ماحول مطلوبہ سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا،پاکستان میں امن اور خوشحالی آئے گی، فورم پختہ یقین رکھتا ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کی ترقی کا راستہ ہے اورعسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے۔

فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ جوانوں، قانون نافذکرنے والے اداروں، شہریوں نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانےکےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی بھی مذمت کی۔

اس موقع پرآرمی چیف نےکہا،فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنے بھائیوں کے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

یہ بھی چیک کریں

Gen Asim Munir met Saudi Crown Prince

آرمی چیف کی سعودی ولی عہدسےاہم ملاقات

ویب ڈیسک ۔۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان …