Home / حکومت اوراپوزیشن میں ثالثی کی پیشکش

حکومت اوراپوزیشن میں ثالثی کی پیشکش

PPP can engage govt and opposition, Bilawal

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت حکومت اور اپوزیشن دونوں سے بات چیت کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جو جماعتیں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئیں، انہیں انگیج کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ گفتگو انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی جانب سے دیے گئے افطار اور عشائیے کے موقع پر کی۔

قومی اتفاق رائے وقت کی ضرورت ہے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہونا چاہیے، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایشوز پر اتفاق رائے پیدا کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، کیونکہ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے لیے یکجا ہونا ہوگا۔ تاہم، موجودہ سیاست میں تقسیم کے باعث قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

اپوزیشن کو عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے

بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنگ نظری کی سیاست کو چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن میں معاشی بحران اور مختلف صوبوں کے داخلی مسائل بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو صرف سیاسی قیادت کے لیے ریلیف مانگنے کے بجائے قومی مسائل کو ترجیح دینی چاہیے۔

وزیراعظم کو سیکیورٹی اجلاس بلانے کی تجویز

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے کہا ہے کہ ایک ماہ بعد ہی سہی، مگر قومی سلامتی کمیٹی کا دوبارہ اجلاس بلایا جائے تاکہ ان جماعتوں کو قائل کیا جا سکے جو پہلے اجلاس میں شریک نہیں ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور امید ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف قومی اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں تحریک انصاف سمیت اپوزیشن اتحاد نے شرکت نہیں کی تھی۔

یہ بھی چیک کریں

Lahore: tution center roof collapsed, 14 students die

لاہور: ٹیوشن سینٹرکی چھت گرنےسے14بچےجاں بحق

Tuesday, 30 June 2026 | Monitoring Desk لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی …