ویب ڈیسک ۔۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے مشال یوسفزئی کو ایک بار پھر کابینہ سے برطرف کرتے ہوئےمعاون خصوصی کےعہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق، علی امین گنڈاپور نے مشال یوسفزئی کو برطرف کرنے کے لیے سمری چیف سیکریٹری کو ارسال کی تھی، جس کے بعد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے مشال یوسفزئی کو عہدے سے ہٹانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
یاد رہے مشال یوسفزئی وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ہونے کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان بھی ہیں۔ وہ اسلام آباد مارچ کے دوران بھی بشریٰ بی بی کے ہمراہ رہیں۔
ذرائع کے مطابق، مشال یوسفزئی نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انہیں میڈیا پر بات کرنے کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں مشال یوسفزئی نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود ڈی چوک جانے کو کہا۔ ان کے مطابق، بشریٰ بی بی واپس نہیں جانا چاہتی تھیں، لیکن ان کی گاڑی پر فائرنگ اور کیمیکل حملے کے باعث شیشہ دھندلا گیا، جس کی وجہ سے گاڑی تبدیل کرنی پڑی۔ مشال یوسفزئی نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا، اس کا احتساب عمران خان کریں گے۔