Saturday, 8 August 2026 | Web Desk
ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے7دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشتگردوں کاجوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کےکیپٹن حمزہ اکرم نےجام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اگست کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کی۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فرارکی تمام راہیں بندہونےکےبعد خوارج نے مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی اور عبادت گاہ کا تقدس پامال کیا۔
اس دوران فائرنگ کےشدید تبادلےمیں 7 خارجی دہشت گردوں کوجہنم واصل کردیاگیا۔ دہشت گردوں کے قبضےسےاسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکےمطابق، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک خوارج بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کاانتہائی بےجگری سےمقابلہ کرتےہوئےپاک فوج کے27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔ ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے بہادر افسر کیپٹن حمزہ اکرم اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے خوارج کا تعاقب کررہے تھے اورسامناہوتےہی انتہائی بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرگئے۔