Wednesday, 26 August 2026 | Web Desk
ملک بھر میں آج سرورکونین ، نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ، احمد مجتبیٰ ﷺ کا یوم ولادت باسعادت انتہائی مذہبی عقیدت واحترام اورروایتی جوش وولولےکے ساتھ منایا جارہا ہے۔
عاشقان رسولﷺ نےملک بھرمیں گلیوں ، محلوں ، بازاروں اورچوک چوراہوں کودلہن کی طرح سجادیاہے۔ اہم سرکاری ونجی عمارتوں پربھی خوبصورتی سےچراغاں کردیاگیا۔ آقائےدوجہاں ﷺ کےجشن ولادت پرملک بھرکی فضائیں درودوسلام سےمعطرہیں ۔
کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقمےجگمگانےلگے، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدارہے تو کہیں مسجد نبویﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلزدیکھ کرلوگ اپنی آنکھیں ٹھنڈی کررہےہیں، مختلف علاقوں میں عاشقان رسولﷺ کی جانب سے محافل میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
لاہورمیں بھی مساجد، گھر، سڑکیں اورسرکاری عمارتیں وجہ تخلیق کائنات ﷺ کےجشن ولادت کی مناسبت سےخوبصورتی سےسجادی گئی ہیں ۔ جگہ جگہ عید میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہاہے۔
پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کےحضور گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئےدیوانے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل سجارہےہیں ۔
کوئٹہ میں جگہ جگہ چراغان کردیاگیا، اس کےعلاوہ محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتہائی خوبصورتی سےجگمگارہاہے۔ پارلیمنٹ ہاوس سمیت دیگراہم عمارتوں پرچراغاں دیکھنےسےتعلق رکھتاہے۔ مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام ہے۔
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس آج دن ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا جونیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
لاہورمیں بھی عیدمیلادالنبیﷺ کی مناسبت سےہرسال کی طرح جلوس اورریلیاں نکالی جائیں گی ۔ عربی لباس میں ملبوس معصوم بچےاونٹوں کی سواری کرکےمکہ مکرمہ کی گلیوں کی یادتازہ کریں گے۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے جائیں گے ۔ عید میلادالنبی ﷺکےموقع پرکےالیکٹرک نےآج کراچی میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنےکااعلان کیاہے۔
وہ نبیوں میں رحمت لقب پانےوالا
مرادیں غریبوں کی برلانےوالا
مصیبت میں غیروں کےکام آنےوالا
وہ اپنےپرائےکاغم کھانےوالا
خطاکارسےدرگزرکرنےوالا
بداندیشن کےدل میں گھرکرنےوالا
اترکرحراسےسوئےقوم آیا
اوراک نسخہ کیمیاساتھ لایا
مس خام کوجس نےکندن بنایا
کھراورکھوٹاالگ کردکھایا
عرب جس پہ قرنوں سےتھاجہل چھایا
پلٹ دی بس اک آن میں اس کی کایا
رہاڈرنہ بیڑےکوموج بلاکا
ادھرسےادھرپھرگیارخ ہواکا