ویب ڈیسک:
انگریزی زبان کا مشہور محاورہ ہے: "Straight from the horse’s mouth”. یعنی جب کوئی اہم بات براہِ راست اسی شخص سے سنی جائے جو اس کا اصل گواہ یا ذمہ دار ہو۔ یہ محاورہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے سینئر رہنما سبرامنین سوامی کے حالیہ بیان کے بعد بے حد موزوں معلوم ہوتا ہے، جنہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
"پاکستان کے طیارے بہت اچھے ہیں”
ایک انٹرویو کے دوران سبرامنین سوامی نے اعتراف کیا کہ:
"پاکستان نے ہمارے پانچ طیارے مار گرائے، طیارے چین کے تھے مگر گرانے والا پاکستان تھا۔ جو جہاز پاکستان کو دیے گئے، وہ بہت اچھے ہیں۔ فرانس کے رافیل طیارے اتنے اچھے نہیں تھے۔”
رافیل ڈیل میں کرپشن کا الزام
سبرامنین سوامی نے اپنے بیان میں رافیل طیاروں کے سودے میں کرپشن کا بھی ذکر چھیڑ دیا۔ انہوں نے کہا:
"رافیل کی خریداری میں جو کچھ ہوا، نریندر مودی کے ہوتے ہوئے ہم اس کی تحقیقات نہیں کر سکتے۔”
پس منظر: 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کا معرکہ
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی جھڑپ ہوئی تھی، جس میں پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے رافیل سمیت 6 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے۔ بھارتی حکومت نے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا، تاہم اب بی جے پی کے سینئر رہنما کا یہ اعتراف نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔