Thursday, 25 June 2026
سابق وزیراعظم نوازشریف سےایک بارکسی نےپوچھا، آپ ہروقت پریشان پریشان رہتےہیں، مسکراتےبھی بہت کم ہیں ۔ نوازشریف نےجواب دیا، عوام کےمسائل سےمتعلق سوچ کرپریشان رہتاہوں ، یہی وجہ ہےمسکرانےکودل نہیں کرتا ۔۔
اب بات کرتےہیں موجودہ وزیراعظم شہبازشریف کی ، نوازشریف صاحب کےچھوٹےبھائی ہیں لیکن ماشااللہ ہروقت مسکراتےرہتےہیں ، شایدہی کسی نےانہیں پریشان دیکھاہو۔ نوازشریف کی طرح ہروقت اداس نہیں رہتے، خودبھی خوش رہتےہیں اوردوسروں کوبھی خوش رکھتےہیں ۔بطوروزیراعظم انہوں نےمسلسل پانچواں بجٹ دیاہےاورمیری اطلاعات کےمطابق یہ اعزازصرف انہی کےپاس ہے۔اس سےپہلےکسی وزیراعظم کومسلسل پانچ وفاقی بجٹ دینانصیب نہیں ہوا۔۔
اتنی شانداراچیومنٹ کےبعد اگران یہ سوال پوچھاجائےکہ جناب کیاوجہ ہے آپ ہروقت مسکراتےرہتےہیں،شایدہی کسی نےآپ کوپریشان دیکھاہو ۔۔ تووہ کیاکہیں گے؟
کیاان کی مسکراہٹ پرقیاس کرتےہوئےہم یہ سمجھ لیں کہ انہوں نےعوام کودرپیش بیشترمسائل پرقابوپالیاہے؟
چلیں ہم خودیہ گستاخی کرنےکی بجائےانہی سےپوچھ لیتےہیں کہ جناب ، آپ نےاس ملک میں مسلسل پانچ بجٹ دئیےہیں، آپ کےان پانچ بجٹوں سےغریب آدمی کےبجٹ پرکیااثرپڑا؟
یادہےناں ، آپ سخت گرمی میں مینارپاکستان پربطوروزیراعلیٰ اپنی کابینہ کااجلاس منعقدکیاکرتےتھے۔ بتائیےکیاآپ نےلوڈشیڈنگ کےمسئلےپرقابوپالیا، بجلی سستی کردی ؟
کیاآپ کےدورحکومت میں غریب آدمی اپنےبچوں کوخوراک ، تعلیم اورصحت دےپارہاہے؟
کیاآپ کےدورمیں عدالتیں عام آدمی کوفوری اورسستاانصاف مہیاکررہی ہیں؟
کیاآپ کےدورمیں پولیس کودیکھ کرایک عام آدمی کوتحفظ کااحساس ہوتاہے؟
کیاآپ کےدورمیں آٹا ، گھی ، چینی اوردالیں سستی ہوگئی ہیں؟
کیاآپ کےدورمیں تھانےاورہسپتالوں میں بغیرپیسےدئیےکام ہوجاتاہے؟
کیاآپ کےدورمیں غریب کی بنیادی ضرورتیں بغیرکسی پریشانی کےپوری ہورہی ہیں؟
کیا آپ کےدورمیں سرکاری اداروں میں کرپشن نہ ہونےکےبرابرہے؟
کیاآپ کےدورمیں سرکاری اداروں میں کام بغیرسفارش کےہوجاتاہے؟
کیاآپ کےدورمیں ایک عام آدمی کواپنےبچےکےمستقبل کےحوالےسےکوئی پریشانی نہیں؟
سوال تواوربھی پوچھےجاسکتےہیں لیکن چلیں ہم مزیدسوال نہیں پوچھتے، لیکن ایک آخری گزارش۔۔
بطوروزیراعظم آپ خودکو10میں سےکتنےنمبردیں گے؟
اللہ تعالیٰ آپ کی مسکراہٹیں برقراررکھے۔۔آمین ۔