Saturday, 11 October 2025 | Web Desk
امریکی ریاست ٹینیسی میں فوج کیلئےبارودی مواد تیار کرنے والے کارخانے میں جمعہ کے روز ہونے والے زوردار دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہو گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ میلوں دور تک گھروں کی بنیادیں ہل گئیں اور لوگوں نے زمین کو لرزتے ہوئے محسوس کیا۔
یہ دھماکہ ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز (Accurate Energetic Systems) نامی کمپنی کے پلانٹ میں ہوا، جو بارودی مواد اور دھماکہ خیز اجزاء کی تیاری و جانچ کا کام کرتی ہے۔ یہ پلانٹ ہمفریز کاؤنٹی کے علاقے بک سنورٹ (Bucksnort) میں واقع ہے، جو ریاستی دارالحکومت نیش وِل سے تقریباً 97 کلومیٹر (60 میل) جنوب مغرب میں واقع ہے۔
ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے نیوز کانفرنس میں تصدیق کی کہ کئی افراد اس وقت لاپتہ ہیں اور کچھ کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہو چکی ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کا خیال رکھتے ہوئے مزید تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کر رہے۔
شیرف کے مطابق دھماکہ انتہائی تباہ کن نوعیت کا تھا اور اس کی وجوہات جاننے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ بڑے دھماکوں کا خطرہ فی الحال ٹل گیا ہے، لیکن چھوٹے دھماکے وقفے وقفے سے اب بھی سنائی دے رہے ہیں۔
تباہی کا منظر
مقامی ٹی وی چینل WTVF-TV کی فضائی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ پلانٹ کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے، جہاں صرف جلتا ہوا ملبہاور تباہ شدہ گاڑیوں کے ڈھانچے باقی ہیں۔
ہک مین کاؤنٹی کے ای ایم ٹی ڈیوڈ سٹیورٹ نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں پہلے پہل جائے حادثہ کے قریب نہیں جا سکیں کیونکہ بارودی مواد کے مزید دھماکے ہوتے جا رہے تھے۔
قریبی قصبے لوبل وِل اور گرد و نواح کے رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے زوردار دھماکہ سنا اور اپنے گھروں کو ہلتا ہوا محسوس کیا۔ ایک شخص نےبتایاکہ وہ سو رہا تھا، اچانک ایسا لگا جیسے گھر نیچےگر گیا ہو۔ چند لمحوں بعد اندازہ ہوا کہ یہ یقینا پلانٹ میں دھماکہ ہوا ہے۔
کئی رہائشیوں نے اپنے گھروں کے سیکیورٹی کیمروں میں دھماکے کی آواز اور روشنی کو ریکارڈ کیا، جس سے رات کا منظر دن جیسا روشن ہو گیا۔
ٹک ٹاک امریکہ میں کیسےکام کرےگی؟
یہ واقعہ مقامی معیشت کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ Accurate Energetic Systems اس علاقے کا سب سے بڑا روزگار فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔
میوئن کے میئر بریڈ راچفورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہماری کمیونٹی کے لیے ایک سانحہ ہے۔ اس وقت ہماری تمام توجہ متاثرہ خاندانوں کی مدد پر ہے۔
ریاستی نمائندہ جوڈی بیریٹ نے کہا کہ واقعہ نہ صرف جانی نقصان بلکہ معاشی تباہی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ یہ صرف ایک دھماکہ نہیں تھا، یہ وہ جھٹکا ہے جو اس کمیونٹی کو طویل عرصے تک متاثر کرے گا۔
تحقیقات جاری
ٹینیسی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (TEMA) نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں کی اطلاعات ہیں لیکن درست تعداد کا اعلان محکمۂ صحت کی تصدیق کے بعد ہی کیا جائے گا۔ ایجنسی کے نمائندے علاقے میں امدادی اور تفتیشی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وفاقی ادارے ATF (الکحل، تمباکو، اسلحہ و دھماکہ خیز مواد کا بیورو) اور دیگر تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ واقعہ کسی انسانی غلطی، فنی خرابی یا کیمیکل کے ردِعمل کا نتیجہ تھا۔
کمپنی کا پس منظر
Accurate Energetic Systems کی بنیاد 1990 کی دہائی میں رکھی گئی تھی۔ یہ کمپنی امریکی محکمۂ دفاع اور دیگر دفاعی اداروں کے لیے اعلیٰ معیار کا دھماکہ خیز مواد تیار کرتی ہے۔ ماضی میں یہاں معمولی نوعیت کے حادثات پیش آتے رہے ہیں، لیکن اس پیمانے کا دھماکہ پہلی بار ہوا ہے۔
مقامی ریکارڈز کے مطابق، 2010 میں بھی اسی پلانٹ میں ایک چھوٹا دھماکہ ہوا تھا جس میں دو ملازمین زخمی ہوئے تھے — جس کے بعد حفاظتی اقدامات میں اضافے کی ہدایات دی گئی تھیں۔
متاثرہ افراد کے نام فی الحال ظاہر نہیں کیے گئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔