ویب ڈیسک: دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ واہگہ بارڈربھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے کھلاہےاورکھلارہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کے فیصلے سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ واہگہ-اٹاری سرحد عبور کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل مقرر کی گئی تھی، اور اس حوالے سے میڈیا میں ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ چند پاکستانی شہری بھارتی علاقے اٹاری میں پھنس گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اگر بھارتی حکام پاکستانی شہریوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو پاکستان ان کی واپسی کے لیے تیار ہے۔ پاکستانیوں کی سہولت کیلئےواہگہ بارڈر مستقبل میں بھی اپنےشہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔
شفقت علی خان نے بتایا کہ متعدد مریض، جن کی حالت تشویشناک تھی، اپنا علاج مکمل کیے بغیر وطن واپس آنے پر مجبور ہوئے۔ اس کے علاوہ کئی خاندان جدا ہوئے اور بچوں کو اپنے والدین میں سے کسی ایک سے دور ہونا پڑا۔
واضح رہے کہ بھارت سے آج بھی 20 پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس وطن پہنچے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے گزشتہ روز ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے واہگہ بارڈر کھلا رکھا جائے گا، اگرچہ بھارتی حکومت نے ان کی واپسی کے لیے 30 اپریل کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔