ویب ڈیسک: بھارت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو دیے گئے مالیاتی امدادی پروگرامز کا دوبارہ جائزہ لے۔
بھارتی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی "رائٹرز” کو بتایا کہ بھارت نے آئی ایم ایف سے درخواست کی ہے کہ پاکستان کو فراہم کی گئی مالی امداد کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے۔ تاہم، اس مطالبے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب، پاکستانی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اس حوالے سے رائے دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام درست سمت میں گامزن ہے اور اس کا حالیہ جائزہ بھی کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ برس آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکیج حاصل کیا تھا، جبکہ مارچ 2025 میں 1.3 ارب ڈالر کا کلائمیٹ ریزیلینس لون بھی فراہم کیا گیا۔ ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی 350 ارب ڈالر کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور دیوالیہ پن کا خطرہ ختم ہو چکا ہے۔
یہ بھارتی مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارت نے حملے میں ملوث تین افراد کی شناخت کی ہے، جن میں سے دو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی شہری ہیں۔
پاکستان نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔