ویب ڈیسک ۔۔ وفاقی کابینہ نے 14 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں کی منظوری دے دی، جس سے حکومت کو 1.4 کھرب روپے کی بچت اور بجلی کی قیمت میں 11 روپے تک کمی کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاور ڈویژن کی سفارش پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق، نظرثانی شدہ معاہدوں کے تحت 802 ارب روپے کے منافع اور لاگت میں کمی کی گئی ہے، جس سے حکومت کو ان معاہدوں کے دوران سالانہ 137 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ یہ معاہدے حکومت کی بڑی کامیابی ہیں۔ ان سے نہ صرف قومی خزانے کو فائدہ ہوگا بلکہ گردشی قرضہ کم ہوگا اور صارفین کو بجلی کی کم قیمت کی صورت میں ریلیف ملے گا۔
یہ معاہدے نہ صرف مالیاتی بہتری کا سبب بنیں گے بلکہ ملک میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم بھی ہیں۔