Tuesday, 20 October 2026 | Web Desk
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت بینک سےقرض کےحصول کیلئےدرکار ضروری کاغذات کی تعداد 5کردی گئی۔
ہاؤسنگ قرض کے لیے ضروری دستاویزات میں ٹرانسفر ،پوزیشن لیٹر، نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن شامل ہیں جب کہ اس حوالے سے بینکوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کےتر جمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے پہلی بار گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزارت کےمطابق اسکیم کےتحت ہاؤسنگ فنانس کےلیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنایا گیا ہے۔