ویب ڈیسک: چین نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حملے کی رپورٹس دیکھی ہیں اور چین کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق، چین پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ یرغمال بنانے کے کسی بھی واقعے کی مذمت کرتا ہے اور جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردوں نے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن میں بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں بشمول خواتین اور بچوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ دہشت گرد مسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔