ویب ڈیسک: بلوچستان کے علاقے بولان میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے والے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔کلیئرنس آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کی تصاویر بھی منظر عام پر آگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق، دہشت گردوں نے 11 مارچ کو دوپہر تقریباً ایک بجے بولان کے علاقے اوسی پور میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا کر جعفر ایکسپریس کو روکا۔ ریلوے حکام کے مطابق، ٹرین میں 440 مسافر سوار تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ علاقہ دشوار گزار اور آبادی سے دور ہے، جہاں دہشت گردوں نے یرغمال بنائے گئے مسافروں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا، جس میں پاک فوج، ایئرفورس، فرنٹیئر کور اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا اور یرغمالیوں کو مرحلہ وار بحفاظت رہا کروا لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد آپریشن کے دوران افغانستان میں موجود اپنے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے رابطے میں تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، 12 مارچ کو حتمی کلیئرنس آپریشن کے دوران تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ منظر عام پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد جدید غیر ملکی اسلحے سے لیس تھے اور ان کی لاشیں ٹرین کے اطراف بکھری پڑی تھیں۔
(ذرائع: مختلف نیوز رپورٹس، نیوز میکرز کی تحقیق)