آرمی چیف جنرل عاصم منیرکاسی ایم ایچ راولپنڈی کادورہ، زخمی جوانوں کی عیادت کی۔
ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتی۔ ہمارے سپاہی اور شہری جس جرات اور قربانی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہی پاکستان کی سلامتی کی اصل بنیاد ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دورے کے دوران جنرل عاصم منیر نے فرداً فرداً ہر زخمی سے ملاقات کی، ان کی بے مثال بہادری، جذبہ قربانی اور فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج اپنے زخمی جوانوں کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور سپاہیوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ "معرکہ حق”، یعنی آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کا اتحاد، عزم اور یکجہتی ایک تاریخی موڑ ثابت ہوا ہے۔ عوام کی حمایت اور ثابت قدمی نے اسے ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بنا دیا ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دشمن کی کوئی بھی جارحیت پاکستان کی مسلح افواج کے فولادی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 10 مئی کو بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا تھا، جس کے دوران مسلح افواج نے بھارت کے اہم عسکری مقامات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ان میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز، کئی ایئرفیلڈز، براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ اور ایس-400 دفاعی نظام شامل ہیں۔