Home / سندھ حکومت کاورکنگ خواتین کیلئےبڑااعلان

سندھ حکومت کاورکنگ خواتین کیلئےبڑااعلان

Sindh govt pink scooter scheme

ویب ڈیسک: حکومت سندھ نے نوکری پیشہ خواتین کے لیے مفت پنک اسکوٹر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت جلد پنک ٹیکسی سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔

شرجیل میمن نے کراچی میں جاری یلو لائن، ریڈ لائن اور بی آر ٹی منصوبوں کے جائزے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کی ماؤں، بہنوں اور بچیوں کے لیے پنک اسکوٹر فراہم کرے گی تاکہ وہ آزادانہ اور محفوظ سفر کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنک ٹیکسی سروس کا بھی جلد آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ خواتین کے لیے سفری مشکلات کا خاتمہ ہو۔

بی آر ٹی منصوبوں کی پیش رفت

سینئر صوبائی وزیر نے بی آر ٹی منصوبوں پر کام کی رفتار اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ریڈ لائن منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، تاہم بی آر ٹی پراجیکٹس کی تکمیل سے شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ شہری ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں آرام دہ سفر کریں۔

کراچی میں سفری سہولیات کی بہتری

وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت پورے صوبے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مزید جدید منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں، اور گرین لائن بی آر ٹی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام جاری ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ دن رات محنت کر رہا ہے۔

منصوبوں میں درپیش چیلنجز

شرجیل میمن نے اعتراف کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے تاخیر کا شکار ہونے پر لوگ ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں، اور یہ ان کا حق ہے۔ تاہم، ہم دن رات کام کر رہے ہیں اور منصوبوں کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ صرف تنقید کرتے ہیں، لیکن حکومت کام جاری رکھے گی اور عوام کو سفری سہولتوں میں مزید بہتری فراہم کرے گی۔

وزیراعظم سے وعدے پورے کرنے کا مطالبہ

سینئر وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے 180 بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا، اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی چیک کریں

Lahore: tution center roof collapsed, 14 students die

لاہور: ٹیوشن سینٹرکی چھت گرنےسے14بچےجاں بحق

Tuesday, 30 June 2026 | Monitoring Desk لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی …