ویب ڈیسک ۔۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چاہتے تھے کہ فوج ان کی جماعت کا ذیلی ادارہ بن جائے، مگر اقتدار سے محرومی کے بعد وہ اپنی ناکامیوں کے زخم چاٹ رہے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر برطانیہ کے اہم دورے پر ہیں، جہاں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی، عسکری اور معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے مثالی رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مذموم سازشوں کے تحت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات رونما ہوئے، جن میں قومی املاک پر حملے اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست صرف ایک شخصیت کے گرد گھومتی ہے، انہیں ملک و قوم کی کوئی پرواہ نہیں، اور ان کا طرز عمل ہرگز سیاسی نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے بھی سیاسی انتقام کا سامنا کیا، مگر ملکی وقار کے خلاف کبھی بات نہیں کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتشار کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گی، جبکہ پاکستان استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی میدان میں کامیابیوں کا تسلسل جاری ہے، جو پی ٹی آئی کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔