Sunday, 19 October 2025 | Web Desk
قطرمیں ہونےوالےپاک افغان مذاکرات میں بڑی پیشرفت ۔ دونوں ملک فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے۔ جنگ بندی پر اتفاق قطر و ترکیے کی ثالثی میں ہوا۔ دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتیں کرنے اورامن واستحکام کے لیے مستقل مکینزم بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی خطے میں پائیدار امن کے قیام کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔ امید ہے جنگ بندی سےدونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کا خاتمہ ہوگا۔
دونوں ملکوں کےمذاکرات دوحہ میں قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، سکیورٹی حکام نےوزیر دفاع کی معاونت کی۔ افغان وفد کی سربراہی وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔
Statement | Pakistan and Afghanistan Agree to an Immediate Ceasefire During a Round of Negotiations in Doha#MOFAQatar pic.twitter.com/fPXvn6GaU6
— Ministry of Foreign Affairs – Qatar (@MofaQatar_EN) October 18, 2025
اس پیش رفت پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، الحمداللہ۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے جو خطے میں امن و استحکام کے قیام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

25اکتوبر کو استنبول میں دونوں ممالک کے وفود دوبارہ ملاقات کریں گے جہاں تفصیلی معاملات پر بات چیت ہوگی تاکہ معاہدے کے نکات پر موثر عمل درآمد ممکن بنایا جا سکے۔
اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے قطر اور جمہوریہ ترکیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان برادر اسلامی ممالک کی ثالثی اور میزبانی نے اس کامیاب معاہدے میں کلیدی کردار ادا کیا۔