تاریخ: 27مئی 2025 | نیوز میکرزمانیٹرنگ ڈیسک
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سینئر صحافی شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی بھی ایڈونچر کا انتہائی سخت اور غیر متوقع جواب ملا، جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے جدید جنگی حکمت عملی میں ایک نیا باب رقم کیا ہے اور دنیا حیران ہے کہ پاکستان نے اتنے کم وقت میں یہ سب کچھ کیسے ممکن بنایا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی شدید مایوسی اور فرسٹریشن کا شکار ہے، اور ایسے میں وہ کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ قدم اٹھا سکتا ہے، لیکن عالمی برادری اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ ’’اس وقت صرف اسرائیل ہی بھارت کے ساتھ کھڑا دکھائی دیتا ہے،‘‘ وزیر دفاع نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی کو شاید یہ توقع نہیں تھی کہ پاکستان اتنے فیصلہ کن انداز میں جواب دے گا۔ ’’وہ سمجھ رہے تھے کہ واک اوور مل جائے گا، لیکن ان کا یہ خواب چکنا چور ہوگیا۔‘‘
علیمہ خان کے اس بیان پر، جس میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کوئی ایسا راستہ نکالنا چاہیے کہ رہائی ممکن ہو، وزیر دفاع نے کہا کہ یہ بیان ایک طرف منت بھی ہے اور دوسری جانب ایک دھمکی بھی۔ ’’یہ ایک مبہم سا فیلر ہے، لیکن اب بھی وہ لوگ پرانے رویوں سے باہر نہیں نکلے۔‘‘
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک سے جو عناصر سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف منفی مہم چلا رہے ہیں، وہ پی ٹی آئی کی قیادت کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں۔ ’’جب تک پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آتا، تب تک کوئی مثبت پیش رفت ممکن نہیں۔‘‘