ویب ڈیسک: لاہور سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے ساتھ نظر آنے والا شخص محکمہ پولیس کا حاضر سروس اہلکار نکلا، جس کے بعد محکمانہ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا پولیس اہلکار پولیس لائنز میں تعینات تھا، اور وہ ڈیوٹی کے بعد ذاتی حیثیت میں کاشف ضمیر کی تقریبات میں شرکت کرتا رہا۔
مذکورہ ویڈیو میں اہلکار کو باوردی دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ ایک تقریب کے دوران کاشف ضمیر کے ساتھ پیسوں کا تھال اٹھائے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ اس عمل پر پولیس حکام نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، اور ڈی آئی جی آپریشنز نے اس رویے کو محکمہ پولیس کے لیے باعثِ شرمندگی قرار دیا ہے۔
فیصل کامران نے بتایا کہ اہلکار کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ اپنی ڈیوٹی کے وقفے یا ریسٹ کے دوران نجی طور پر تقاریب میں شریک ہوتا رہا ہے۔ اگر تحقیقات کے دوران مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی