ویب ڈیسک ۔۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرکادہشت گردوں کےنام واضح اوردوٹوک پیغام ۔ کہادہشت گردوں کیلئےملک میں کوئی جگہ نہیں،امن دشمنوں کی ہرکوشش کابھرپوراورفیصلہ کن جواب دیاجائےگا۔ دشمن خوف پھیلانے کی کوشش کرے گا مگر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ برائی کی قوتوں کے خلاف متحد ہیں، دشمن سے آہنی ہاتھوں کےساتھ نمٹیں گے، یہ جنگ جاری ہے،اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یہ باتیں پشاور کے دورے میں مختلف سیاسی جماعتوں سےتعلق رکھنےوالےخیبرپختونخوا کے رہنماوں سے ملاقات کےدوران کہی۔
سپہ سالارنے کہا،دشمن بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے اور نقصان پہنچانے کی ان کی صلاحیت ختم ہو جائے گی، دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے واضح کیا کہ سرحدوں کےاندراوراس سےباہردہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی سے کم کر دیا، ہماری افواج نےانتھک محنت سے دہشت گردوں کے اہم لیڈروں کا تعاقب کرکےانہیں ختم کیا۔
آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مادروطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک ناقابل شکست قوت کے طور پرملک دشمن عناصرکےخلاف متحد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کیا اور دہشت گرد گروپوں کے خلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کرایک متحد محاذ کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنرفیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی اس بریفنگ میں شریک تھے۔