Wednesday, 9 September 2026 | Web Desk
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور مضبوط دفاعی کھلاڑی محمد ثقلین جوحال ہی میں کینسرجیسےموذی مرض کےخلاف میچ جیت کرنارمل زندگی کی طرف لوٹ رہےہیں ، کہاکہ مشکلات زندگی کاحصہ ہیں ان سےگھبرانےکی بجائےان کےسامنےڈٹ جاناچاہیے، ورنہ آپ زندگی جی نہیں سکیں گے۔
محمدثقلین نےجیو نیوز سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ انہیں تقریباً 8 ماہ قبل اورل کینسر کی تشخیص ہوئی اور اس وقت بیماری اسٹیج فور بی تک پہنچ چکی تھی۔ میری 18 گھنٹے سرجری ہوئی جومیرے لیے ایک بہت مشکل مرحلہ تھا۔
محمدثقلین نےبتایاکہ انہوں نےخاموشی سےاپناعلاج کروایاکیونکہ وہ اپنی بیماری کادوسروں کوبتاکرکسی کوپریشان نہیں کرناچاہتےتھے۔
محمد ثقلین نےکہاکہ ہاکی صرف کھیل نہیں بلکہ زندگی کا ایک ایسا سبق بھی ہے جس نے انہیں مشکل حالات میں مضبوط رہنا سکھایا،انہوں نےکہاجس طرح میدان میں حریف کے ہر حملے کا مقابلہ کیا، اسی طرح کینسر کے خلاف بھی ڈٹ کر کھڑے رہے، کھیل نے مجھے مضبوط بنایا، میں نے کھیل کے میدان کی طرح کینسر کا بھی مقابلہ کیا۔
طویل اور مشکل علاج کے بعد اب محمد ثقلین کی امیونوتھراپی جاری ہے اور وہ دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف واپس آ چکے ہیں۔