مانیٹرنگ ڈیسک: ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئےجن میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحا لی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔
ملک کی سیاسی قیادت نےاپنےاپنےآبائی علاقوں میں نمازعیداداکی جبکہ پاک فوج کےسرحدوں کی حفاظت پرتعینات افسران اورجوان اپنےگھروں سےدورعیدمنارہےہیں ۔
صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبار کباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔ اس موقع پر میں فلسطین اوراہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی عید الفطر پر قوم کو مبارک باد
چیئرمین جوائنٹ چیفس اور سروسز چیفس کی قوم کو عید کی مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر رمضان کے اختتام پر اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں، افسروں کیلئے عید کی خوشی اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کا دفاع ہے،فوجی جوان خاندان سے دورامن،خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروٖغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم پرغورکاموقع فراہم کرتا ہے،سپاہیوں کی قربانیوں، اہل خانہ کے غیر متزلزل تعاون کی قدر کرتے ہیں۔عید پریکجہتی،محبت اوراحترام کے جذبے کو فروغ دیں۔