ویب ڈیسک ۔۔ دہلی کی ریاستی اسمبلی کےانتخابات میں بی جے پی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کادھڑن تختہ کردیا۔
بدھ کو جاری ہونے والے ایگزٹ پولز نے بی جے پی کی برتری کی پیشگوئی کی تھی، جو عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال کے لیے سچ میں ڈراوناخواب ثابت ہوئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نئی دہلی کی سیٹ پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پرویش صاحب سنگھ سے ہار گئے۔
رپورٹ کے مطابق سینئر عام آدمی پارٹی رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے بھی جنگپورہ سیٹ سے بی جے پی کے تاروندیر سنگھ مرواہ کے ہاتھوں 600 سے زائد ووٹوں سے شکست تسلیم کی۔
تمام 70 نشستوں کے نتائج کے مطابق بی جے پی 47 سیٹوں پر سبقت حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ 23 میں عام آدمی پارٹی آگے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بی جے پی نے 47 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہلی میں27 سال بعد حکومت بنانے کی راہ ہموار کرلی۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال اپنی روایتی نشست بھی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی الیکشن میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 60.42 فیصد رہا، جو 2020 کے مقابلے میں کم تھا۔
اس کے علاوہ دہلی الیکشن میں راہول گاندھی کی جماعت کانگریس کو ایک نشست بھی نہ مل سکی۔