ویب ڈیسک ۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بندوق، غلیل، پتھر، اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی شناخت نہیں ہیں، بلکہ پاکستان کا اصل چہرہ وہ نوجوان ہیں جو یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
لاہور میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو یہ فیصلہ کرنا ہوگاوہ کس طرح کے پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہااگر ان کا بیٹابھی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود تہذیب اور تمیز کا مظاہرہ نہ کرے تو ایسی ڈگری محض کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، اگر آپ محنتی اور باصلاحیت طالب علم ہیں تو ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت آپ کو سکالرشپ ضرور ملے گی۔ اس پروگرام کا مقصد قابل طلبہ کا مستقبل محفوظ بنانا اور وسائل کی کمی کے باعث ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 30 ہزار اسکالرشپس میں سے 12 ہزار لڑکوں اور 18 ہزار لڑکیوں کو دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی مریم نواز نے اعلان کیا کہ جنوری میں ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔