ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کہتےہیں دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کیاجو وہ کبھی نہیں بھول سکے گا،پاکستان کے جوابی حملے کے بعد جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن کی جانب سے سیز فائر کی پیشکش آئی ہے، میں نے کہاقبول کریں۔
یہ بات وزیراعظم نےاسلام آبادمیں یوم تشکر کی تقریب سےبطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وطن کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، بھارتی حملے میں مائیں بہنیں اور جوان شہید ہوئے، ہم نے بھارت کے پانچ جہاز گرائے مگر کل کامرہ ایئربیس پر ایئر چیف نے مجھے بتایا کہ پانچ نہیں چھ جہاز گرائے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم نے ان کے رافیل، اور ڈرونزگرائے اس کے باوجود دشمن دھمکیاں دیتا رہا، آرمی چیف نے مجھے نو مئی کی رات فون پر کہا کہ بھارت نے ہمارے ایئرپورٹ پر میزائل لانچ کیے ہیں، وزیراعظم ہمیں اجازت دیں کہ ہم دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں کہ وہ عمر بھر یاد رکھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ ہم نے پٹھان کوٹ، ادھم پور اور کہاں کہاں حملے کیے کہ دشمن کو سرچھپانے کی جگہ نہ ملی، جوابی حملے کے بعد جنرل عاصم منیر کا دوسرا فون آیا کہ ہم نے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے اور وہاں سے سیز فائر کی پیشکش آئی ہے تو میں نے کہا کہ ہم نے دشمن کو جواب دے دیا ہے اب سیز فائر کی پیشکش قبول کریں۔
وزیراعظم کاکہناتھاپوری قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے، دس مئی کو کروڑوں پاکستانیوں نے فوج کی فتح کے لیے دعائیں کیں، ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں، وہ دشمن جو خود کو ایشیا کا تھانے دار سمجھتا تھا اس کے چھ طیارے گرائے جن میں رافیل سمیت مگ طیارے بھی شامل تھے، جبکہ ڈرونزاس کےعلاوہ ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر دوست ممالک کے نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےخاص طورپرامریکی صدرٹرمپ کی لیڈرشپ کوسراہا۔ کہاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں ںے بہادری کے ساتھ ایشیا میں امن کے لیے قدم اٹھایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پُرامن ہمسایوں کی طرح مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا، بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے، خطے کی خوشحال کے لیےمسائل کو حل کرنا ہوگا۔ شہبازشریف نےکہاکہ اگرایٹمی تصادم ہوجاتاتویہ بتانےکیلئےکہ کس کاکتنانقصان ہواکون باقی بچتا؟
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، وفاقی کابینہ کے ارکان، غیرملکی سفارت کار، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات اور دیگر وزرا بھی شریک تھے۔
اس موقع پر فضاؤں میں جنگی جہازوں نے اپنی کارکردگی کا مظاہر کیا جس پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ گلوکاروں کی جانب سے پیش کئےگئےملی نغموں نےمحفل کوچارچاندلگادئیے۔