تاریخ: 27 جون 2025 | نیوز میکرز ویب ڈیسک
نیویارک کے میئر کے لیے ڈیموکریٹ پارٹی کی پرائمری جیتنے والے مسلم امیدوار زوہران ممدانی پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےسنگین اورذاتی نوعیت کےحملے۔ زوہران ممدانی کو شدید اور "پاگل پن کی حد تک کمیونسٹ” قرار دے دیا۔
ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹروتھ سوشل پر لکھا:
"بالآخر وہ وقت آ ہی گیا، جب ڈیموکریٹس نے تمام حدیں پار کر دیں۔ زوہران ممدانی، جو 100 فیصد کمیونسٹ پاگل ہے، ڈیموکریٹک پرائمری جیت گیا ہے اور اب نیویارک کا میئر بننے کی راہ پر ہے!”
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، "ہم نے پہلے بھی شدت پسند بائیں بازو والوں کو دیکھا ہے، لیکن اب یہ حد سے بڑھ چکا ہے۔”
ٹرمپ نے ممدانی پر ذاتی حملہ کرتے ہوئے لکھا:
"یہ شخص بدترین نظر آتا ہے، آواز بھی پریشان کن ہے، اور ذہانت کے بھی آثار کم ہی نظر آتے ہیں۔”
انہوں نے طعنہ دیا کہ: "تمام بیوقوف اسی کا ساتھ دے رہے ہیں۔”
زوہران ممدانی کون ہیں؟
زوہران ممدانی اس وقت نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ہیں اور حالیہ پرائمری میں انہوں نے 43.5 فیصد ووٹ لے کر 11 امیدواروں کو شکست دی، جن میں سابق گورنر اینڈریو کومو بھی شامل تھے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، ممدانی، جو بھارتی نژاد مسلمان ہیں اور یوگنڈا میں پیدا ہوئے، نے اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا کہ:
- نیویارک میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کیا جائے گا
- کرایوں میں اضافہ روکا جائے گا
- امیر طبقے پر زیادہ ٹیکس لگایا جائے گا
ان کے نظریات سوشلسٹ ہیں، اور وہ فلسطین کے کھلےحامی اوراسرائیلی جارحیت کے شدید ناقد کے طورپرجانےجاتےہیں۔
تجزیہ:
زوہران ممدانی کی جیت صرف ایک انتخابی معرکہ نہیں بلکہ امریکہ میں مسلم اور ترقی پسند آوازوں کی ابھرتی ہوئی طاقت کی علامت ہے۔ ٹرمپ جیسے قدامت پسند رہنماؤں کے شدید ردعمل سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی جیت نے اسٹیبلشمنٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اگر ممدانی واقعی نیویارک کے میئر بن جاتے ہیں تو یہ امریکی سیاست کے بیانیے میں ایک تاریخی تبدیلی کا آغاز ہو سکتا ہے۔