ویب ڈیسک ۔۔ حکومت نے بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیاء ساتھ لانے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے صرف ایک موبائل فون لانے کی اجازت ہوگی۔ اس سے زائد مالیت کی اشیاء کو کمرشل تجارت تصور کیا جائے گا اور ان پر کمرشل حیثیت کے تحت ٹیکس، ڈیوٹی اور جرمانہ لاگو کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق، ایک موبائل فون کے علاوہ تمام موبائل فون ضبط کر لیے جائیں گے، اور اضافی اشیاء ڈیوٹی، ٹیکس، یا جرمانہ ادا کرنے کے باوجود بھی کلیئر نہیں کی جائیں گی۔
بیگیج رولز 2006 میں مزید ترامیم کے مسودے کو جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق قوانین میں ترامیم کے حوالے سے 7 دنوں کے اندر سفارشات دی جا سکتی ہیں۔ مقررہ مدت کے بعد موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔