ویب ڈیسک ۔۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) لاکھوں نان فائلرز کے لیے ایک نیا ویب پورٹل شروع کرنےجارہاہےتاکہ نیشنل ڈیٹابیس اینڈرجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعے ٹیکس پروفائلنگ کے ساتھ شہریوں کے مالیاتی لین دین کا تازہ ترین ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔
بزنس ریکارڈرنےذرائع کےحوالےسےخبردی ہےکہ ایف بی آرنان فائلرزکے موبائل فون پرپیغامات جاری کرےگا تاکہ مذکورہ نئے ویب پورٹل پران کی مالی لین دین کی جانچ کی جاسکے۔
اس پورٹل میں نادرا کی جانب سے کی جانے والی ٹیکس پروفائلنگ ہوگی۔ جب ایک نان فائلر اپنا شناختی کارڈنمبر اس پورٹل پر ڈالے گا تو سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے رجسٹرڈ موبائل فون پر ایک پن کوڈبھیجاجائےگا۔
پن کوڈ صرف رجسٹرڈ موبائل فون پرہی بھیجاجائےگاتاکہ معلومات متعلقہ شخص تک ہی محدودرکھاجائےاورکسی اورکواس کی خبرنہ ہونےپائے۔ سسٹم میں پن کوڈ داخل کرنےکےبعدنان فائلرہر قسم کے مالی لین دین اوراخراجات کودیکھ سکےگا۔
ماضی میں ایف بی آرنےاپنے ویب پورٹل پر”معلومات”نامی (ٹیکس پروفائلنگ سسٹم) کا آغازکیاجس میں 53 ملین شہریوں کاڈیٹا موجود ہےاوراس کےذریعےفائلرزاورنان فائلرز کو ان کےاثاثوں اوربینک اکاؤنٹس کےبارے میں معلومات تک رسائی دی گئی ۔ ایف بی آرکے نئے ویب پورٹل میں نادرا کے ذریعے شہریوں کی تازہ ترین پروفائلنگ ہوگی۔14 ملین ریکارڈ کی بنیاد پرنادرانان فائلرز کی آمدنی اورٹیکس کی ذمہ داری کا حساب لگائے گا۔
نان فائلرزکووارننگ
نادراممکنہ ٹیکس دہندگان کےپروفائلزکو حتمی شکل دینے کےلیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کررہاہے۔ توقع ہے کہ یہ مشق دسمبرکے آخرتک مکمل ہو جائے گی۔ ٹیکس حکام نے مصنوعی ذہانت کے استعمال سے نان فائلرز کی آمدنی اور ٹیکس واجبات کا حساب لگانےکےلیےشہریوں کےمالیاتی لین دین کے14 ملین ریکارڈ نادرا کو فراہم کیے گئےہیں۔
ذرائع کے مطابق 14 ملین مالیاتی ریکارڈز میں جائیداد کی لین دین، گاڑیوں کی خریداری، صوبائی محکمہ ایکسائز کے ساتھ کاروں کی رجسٹریشن، منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کی خرید و فروخت، یوٹیلیٹی بلز، غیر ملکی سفر اور دیگر بھاری اخراجات شامل ہیں۔
نادرا اس ڈیٹا کو اپنے ڈیٹا بیس سے ملا رہا ہے اور ٹیکس دہندگان اور نان فائلرز کی متوقع آمدنی پر کام کر رہا ہے۔ ایف بی آر کے تھرڈ پارٹی ڈیٹا کے ریکارڈ کی بنیاد پر نادرا ان افراد کی پروفائلز کو حتمی شکل دے گا۔
ایف بی آر کےتھرڈپارٹی ڈیٹا کی بنیاد پر، نادرا مصنوعی ذہانت کااستعمال کرکےکسی بھی شہری کی مجموعی آمدنی اوراس کےذمہ ٹیکس کاحساب لگائے گا۔
ایف بی آرکی معلومات اورنادرا کے ڈیٹا کی کراس میچنگ کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کانیا پروفائل سامنے آئے گا۔ ٹیکس دہندگان کی تازہ ترین پروفائل یا معلومات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔ نان فائلرز کو ایس ایم ایس موصول ہوگا کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے ویب سائٹ پر اپنے پروفائلز چیک کریں اور اپنے ریٹرن فائل کریں اور ٹیکس کی واجب الادا رقم ادا کریں۔