ویب ڈیسک ۔۔ پی ٹی آئی چیئرمین کواٹک جیل میں فراہم کی جارہی سہولتوں کےبارےمیں تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔ اس رپورٹ کےمطابق عمران خان کی فرمائش پرانہیں دیسی چکن اورمٹن دیسی گھی میں پکاکردیاجاتاہے،تاہم اس کی ادائیگی وہ اپنی جیب سےکرتےہیں۔
کھانےکامینیو
اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظاہر اورجسٹس مندوخیل کے چیمبرز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ اس رپورٹ کےمطابق جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن اوربکرے کاگوشت بھی دیا جاتا ہے،انہیں ان کی پسند کی اشیا رقم کی ادائیگی پرفراہم کی جاتی ہیں۔
کھانےکےمینیوکےمطابق،چیئرمین پی ٹی آئی کو ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے فراہم کی جاتی ہے، دن اور رات کےکھانے میں انہیں تازہ پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول ملتےہیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف کو جیل کے سامنے کوریڈورمیں چہل قدمی کی اجازت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی
اس کےعلاوہ رپورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین کی سکیورٹی کےحوالےسےبھی تفصیلات درج ہیں۔ رپورٹ کےمطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں سب سے محفوظ ہائی آبزرویشن بلاک میں رکھا گیا ہے اورچیئرمین پی ٹی آئی کی ملحقہ بیرکس کوبھی خالی رکھا گیا ہے۔ ان کی سکیورٹی پراضافی 54اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔
بیرک میں موجودسہولیات
چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 بائی 11 کے سائز کی بیرک میں رکھا گیا ہے، واش روم کی دیوار 6 فٹ اونچی اور واش روم کا سائز 7 بائی 4 ہے، عمران خان کو جیل میں وائٹ واش، پکا فرش اور ایک پنکھےکی سہولت میسر ہے۔
بہتر کلاس کا قیدی ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو میٹرس، ائیر کولر، 4 تکیے، میز اور کرسی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان کو 4 قرآن پاک انگش ترجمہ اور 25 تاریخی کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کو 21 انچ کا ٹی وی اور روزانہ اخبار فراہم کیا جاتا ہے۔، انہیں روازنہ بیرک، واش روم اور کپڑوں کی صفائی کے لیے اسٹاف بھی دیا گیا ہے۔
ملاقات کی سہولت
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق قیدی کے اہلخانہ منگل کو 2 سے 3 گھنٹے کی ملاقات کر سکتے ہیں جبکہ قیدی کے وکلا بدھ کو 2 سے 3 گھنٹے کی ملاقات کر سکتے ہیں، اس قانون کے تحت 7 تا23 اگست ان کی 3 بار اہلیہ اور3 بار وکلا سے ملاقات کرائی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ 5 ڈاکٹرز کی ٹیم کرتی ہے۔