ویب ڈیسک — اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خطرہ پیدا ہو گیا۔
وزارت پیٹرولیم نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اٹک آئل ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مزید یہ بتایا گیا ہے کہ ریفائنری کو خام تیل کی فراہمی اوروہاں سے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل ہو چکی ہے، اور اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
وزارت پیٹرولیم نے نشاندہی کی ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے، اور فیول ٹینکرز مختلف شاہراہوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔ مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ راستوں کی بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا جائے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔