June 27, 2025 | Web Desk
پاکستان میں موٹر سائیکل مارکیٹ کی سب سےبڑی شیئرہولڈراٹلس ہونڈا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں مالی سال کے دوران مقامی مارکیٹ کے لیے پہلا مکمل الیکٹرک اسکوٹر متعارف کرائے گی، جو صرف ایک نئی سواری نہیں بلکہ ملکی معیشت اورملکی توانائی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ بنےگی ۔
یہ اعلان پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دیے گئے ایک نوٹس میں کیا گیا، جو وفاقی حکومت کی حالیہ "نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی” کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد پاکستان میں ماحول دوست، سستی اور مقامی سطح پر تیار ہونے والی ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے مطابق، یہ پالیسی وزیراعظم کے وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی تحفظ ہے بلکہ سالانہ دو ارب لیٹر ایندھن کی بچت بھی ہے — جو کہ تقریباً ایک ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے برابرہے۔
اٹلس ہونڈا کے مطابق، کمپنی اس وقت تمام قانونی منظوریوں کے عمل میں مصروف ہے، اور روڈ ٹیسٹنگ مکمل کرنے کے بعد، رواں مالی سال میں ہی یہ اسکوٹر مارکیٹ میں فروخت کیلئےپیش کر دیا جائےگا۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کمپنی نے الیکٹرک شعبے میں قدم رکھا ہو۔ گزشتہ سال 2023 میں، شیخوپورہ میں واقع فیکٹری میں ‘Benly e’ اسکوٹر کا سافٹ لانچ کیا گیا تھا۔
سب سےسستی موٹرسائیکل پاکستان میں آگئی
ماہرین کے مطابق، چونکہ اٹلس ہونڈا کا پاکستان کی موٹر سائیکل مارکیٹ میں مضبوط حصہ ہے، اس کا الیکٹرک شعبے میں داخل ہونا دیگر کمپنیوں کے لیے بھی راہ ہموار کرے گا اور ملک میں الیکٹرک بائیکس کے رجحان میں تیزی آئے گی۔
کیا بدلے گا؟
- ہر سال 1 ارب ڈالر کی ممکنہ ایندھن بچت
- 2030 تک 30 فیصد نئی گاڑیاں الیکٹرک بنانے کا ہدف
- مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع
- ماحولیاتی آلودگی میں کمی
اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا پاکستان کی سڑکیں، عوامی شعور، اور حکومتی ڈھانچے اتنی تیزی سے خود کو بدل سکیں گے جتنی تیزی سے نجی کمپنیاں آگے بڑھ رہی ہیں۔