ویب ڈیسک ۔۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمرا ن خان کی 5ہزارکےمچلکوں کےعوض حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سےکہا کہ حفاظتی ضمانت اس صورت میں سنی جاسکتی ہے جب معاملہ دوسرے صوبےکاہو۔ جس پرجسٹس اطہر من اللہ نےکہا اس کیس میں خصوصی عدالت کو ضمانت کی درخواست سننی چاہیے، اگر کوئی ایشو ہے تو ہم اس وقت تک حفاظتی ضمانت منظور کر لیتے ہیں۔ عدالت نےمنگل تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
یادرہےکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس کے بعد سابق وزیراعظم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
جیل جانےکیلئےتیارہوں
عدالت میں پیشی سے قبل صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ اگر ضمانت نہ ہوئی تو کیا ہو گا ؟، جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ میں نے تیاری کررکھی ہے، میں جیل جانے کے لیے تیار ہوں ۔
ایک سوال کہ ن لیگ کہہ رہی ہے آپ کو بھگا بھگا کر ماریں گے،عمران خان نے کہا کہ میرا اسٹیمنا شریفوں سے زیادہ ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم ہوتے ہوئے آپ کو پتا تھا کہ فون ٹیپ ہوتے ہیں ؟ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ سرویلنس تو ہوتی ہے،یہ نیشنل سکیورٹی کا ایشو ہے ۔ تاہم ایجنسیز کا کام وزیر اعظم کی پروٹیکشن ہوتا ہے۔