Home / اسرائیلی حملوں پرروس کی سخت وارننگ آگئی

اسرائیلی حملوں پرروس کی سخت وارننگ آگئی

Russia warns of nuclear catastrophe

ویب ڈیسک: روس نے اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدامات دنیا کو ایک ممکنہ "جوہری تباہی” کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ہے۔ بیان کے مطابق، "ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی رو سے غیر قانونی ہیں اور یہ عالمی سلامتی کے لیے ناقابل قبول خطرات پیدا کر رہے ہیں۔”

روس کا کہنا ہے کہ اگر یہ حملے جاری رہے تو نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا ان کے نتائج کی لپیٹ میں آئے گی، جن میں خود اسرائیل بھی شامل ہوگا۔

بیان میں اسرائیلی قیادت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر ان تنصیبات پر حملے بند کرے، جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے نقصان کی تفصیلی رپورٹ تیار کریں اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے۔

مزید کہا گیا کہ اسرائیل کے ان اقدامات کو صرف وہی ممالک حمایت دے رہے ہیں جو اس کے اصل حلیف ہیں یا موقع پرستی کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔ بیشتر ممالک نے اسرائیلی حملوں کو سخت اور غیر مصالحتی رویہ قرار دیا ہے۔

روس نے زور دیا کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام، جس کی بنیاد این پی ٹی(Non-Proliferation Treaty) ہے، صرف مذاکرات اور سفارتی راستوں سے ہی ممکن ہے۔ "بے گناہوں کی جان لے کر اور جارحیت کے ذریعے یہ مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا،” بیان میں کہا گیا۔

یہ بھی چیک کریں

Iran Israel attack each other with missiles

آج رات اسرائیل پربھاری پڑےگی،ایران

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری ایران-اسرائیل کشیدگی ایک نئے خطرناک مرحلے میں داخل ہو …