Home / ایران پرپابندیوں میں نرمی کامنصوبہ موخر

ایران پرپابندیوں میں نرمی کامنصوبہ موخر

Trump holds sanctions relief plan for Iran

تاریخ: 27 جون 2025 | نیوز میکرز ویب ڈیسک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دھماکہ خیز بیان میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک ’’انتہائی بدصورت اور ذلت آمیز موت‘‘ سے بچایا، جب انہوں نے اسرائیل کے اُس منصوبے کو روک دیا جس میں ایرانی رہنما کو قتل کرنےجارہےتھے۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کا منصوبہ بنا رہے تھے تاکہ جنگ کے بعد مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے، لیکن خامنہ ای کے حالیہ بیانات اور ویڈیو پیغام کےبعدانہوں نے یہ عمل روک دیا۔

خامنہ ای کی "فتح” کا دعویٰ

جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے ویڈیو خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر نے امریکا اور اسرائیل کے ایران کے ایٹمی پروگرام پر حملوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’وہ کچھ بھی حاصل نہیں کر سکے، صرف جھوٹ بول کر اصل حقیقت چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ کر کے امریکاکے ’’منہ پر طمانچہ‘‘ مارا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ اصل نقصان کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹرمپ کی وضاحت اور غصہ

ٹرمپ نے Truth Social پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا:

’’ایران جیسے جنگ زدہ ملک کا خودساختہ سپریم لیڈر اتنا بےباک جھوٹ کیسے بول سکتا ہے؟ یہ کہنا کہ اُس نے اسرائیل سے جنگ جیت لی، سراسر جھوٹ ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ اسرائیل خامنہ ای کی جان لینے کا منصوبہ بناچکےتھے، اُنہیں خامنہ ای کا ٹھکانہ بھی معلوم تھا، لیکن انہوں نے انسانی بنیادوں پر یہ حملہ رکوا دیا۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے اس منصوبے کو ویٹو کر دیا جس میں ایران پر "سب سے بڑا حملہ” کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، جس میں بےشمار ایرانیوں کی جانیں جا سکتی تھیں۔

ایران کے لیے "شہد” یا "سرکہ”

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کو ایک موقع دینا چاہتے تھے کہ وہ عالمی برادری میں دوبارہ شامل ہو، پابندیاں ختم ہوں، اور اقتصادی بحالی کا سفر شروع ہو۔

’’لیکن مجھے بدلے میں نفرت، غصے اور جھوٹے دعوے ملے۔ اس لیے میں نے پابندیوں میں نرمی کے تمام منصوبے فوری طور پر ختم کر دیے،‘‘ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا۔

انہوں نے ایران کی قیادت کو مشورہ دیا:

’’آپ کو ’سرکہ‘ سے زیادہ ’شہد‘ سے فائدہ ہوتا ہے۔ امن کا راستہ اپنائیے!‘‘

پسِ منظر: خامنہ ای کی طویل خاموشی

یہ ویڈیو خامنہ ای کی تقریباً ایک ہفتے بعد پہلی عوامی جھلک تھی، جس دوران اُن کی صحت سے متعلق چہ مگوئیاں جاری تھیں۔ رپورٹس کے مطابق، ایران-اسرائیل 12 روزہ جنگ کے آغاز پر خامنہ ای نے ایک خفیہ بنکر میں پناہ لے لی تھی۔

آئندہ کے امکانات

ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر مذاکرات بحال ہوئے تو امریکا ایران سے یورینیم کے ذخیرے کی مکمل تلفی کا مطالبہ کرے گا، اور خبردار کیا کہ اگر ایران نے دوبارہ ایٹمی پروگرام بحال کیا تو ’’فوجی طاقت‘‘استعمال کی جائے گی۔

دوسری جانب، اسرائیلی وزیر برائے اسٹریٹجک امور رون ڈرمر پیر کو واشنگٹن پہنچ رہے ہیں تاکہ غزہ کی جنگ، ایران سے نمٹنے کے اگلے اقدامات اور وزیراعظم نیتن یاہو اور ٹرمپ کی ممکنہ ملاقات کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے۔

یہ بھی چیک کریں

Iran's options after US attack

اب ایران کیاکرسکتاہے؟ ممکنہ آپشنزاورعالمی ردعمل

Date: 23 جون 2025 | NewsMakers Web Desk ایران پر امریکی حملوں کے بعد خطے …