ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف فلم ساز روی چوپڑا کی اہلیہ رینو چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے نہ صرف ان کی فلم کی مالی معاونت کی بلکہ دی گئی رقم پر سود لینے سے بھی صاف انکار کر دیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران رینو چوپڑا نے شاہ رخ خان کی فراخ دلی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 2017میں ریلیز ہونے والی فلم اتفاق کے لیے ایس آر کے نے ان کی مالی مدد کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے ان کے بیٹے ابھے چوپڑا کی فلم اتفاق میں بغیر سکرپٹ پڑھے سرمایہ لگایا، جس میں اکشے کھنہ، سدھارتھ ملہوترا اور سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
رینو چوپڑا کے مطابق، شاہ رخ خان نے فلم کی پروڈکشن میں مدد فراہم کی اور جب انہیں رقم واپس کرنے کی بات کی گئی تو انہوں نے سود لینے سے صاف انکار کر دیا۔ ان کے بقول، شاہ رخ خان نے کہا، ’نہیں، یہ میرے لیے حرام ہے، میں سود نہیں لے سکوں گا۔
رینو چوپڑا نے مزید بتایا کہ فلم کے دیگر سرمایہ کاروں نے سود وصول کیا، لیکن شاہ رخ خان کسی صورت اس پر راضی نہیں ہوئے۔
انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت خوش مزاج اور عزت دینے والے انسان ہیں، اور جب ان کے بیٹے کی فلم بنانے کا وقت آیا تو شاہ رخ خان نے بھرپور حمایت کی اور سپورٹ فراہم کی۔